مالی بحران کا شکار سرکاری ایئر لائن کمپنی ایئر انڈیا کی سرمایہ کشی کی شرائط میں بڑی تبدیلیوں کے ساتھ بولی لگانے کے لئے ابتدائی معلومات سے متعلق میمورینڈم (پی آئی ایم) کو نئے سرے سے جاری کیا جائے گا۔
کووڈ ۔19 وبا سے ہوا بازی کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بین الاقوامی پروازیں تقریباً پوری طرح سے بند ہیں جبکہ ملک میں گھریلو پروازیں آہستہ آہستہ شروع کی جارہی ہیں۔ وبا سے پہلے ایئر انڈیا کی دوتہائی آمدنی بین الاقوامی پروازوں سے ہی ہوتی تھی۔ لہذا آمدنی اب نصف سے بھی کم رہ گئی ہے۔ مستقبل قریب میں بین الاقوامی شہری ہوا بازی کے شعبے میں تیز رفتار پیشرفت ہونے کی امید بھی نہیں ہے۔
اس معاملے پر نظر رکھنے والے ذرائع نے بتایا 'سرمایہ کار ان میں بڑی تبدیلیوں کا مطالبہ کررہی ہیں۔ ایسے میں دو ہفتوں میں ترمیم شدہ پی آئی ایم جاری کیا جائے گا۔ کئی بار آگے بڑھائے جانے کے بعد فی الحال لیٹر آف انسٹریسٹ داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر ہے۔ توقع ہے کہ اس سے پہلے نظرثانی شدہ پی آئی ایم جاری کردیا جائے گا'۔