ابھی بالی وڈ عرفان خان، رشی کپور اور واجد خان کی موت کے غم سے ابھرا بھی نہیں تھا کہ اچانک بالی وڈ کے ایک اور معروف اداکار کی خود کشی کی خبر نے بالی وڈ کو دوبارہ مایوسی کی چادر میں ڈھانپ دیا۔
ایم ایس دھونی اور پی کے سمیت کئی شاندار فلموں میں شاندار اداکاری کرنے والے بالی وڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی۔
جی ہاں آپ نے بالکل صحیح سنا، اپنے مداحوں کو اتنی کم عمر میں اکیلا چھوڑ سشانت سنگھ راجپوت چل بسے، ان کی جانب سے مبینہ طورپر خودکشی کرنے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب کہ 2 دن قبل ہی ان کی سابق مینیجر 28 سالہ ڈیشا سالین نے بھی گھر کی عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی تھی۔
سشانت سنگھ راجپوت کا تعلق ریاست بہار کے ضلع پورنیہ سے تھا، ان کی خود کشی کی اس خبر سے جہاں پوری دنیا مایوسی میں ڈوبی ہے وہیں اہل پٹنہ کو بھی اس معروف اداکار کی خود کشی کی خبر نے مایوسی میں مبتلا کر دیا۔
آپ کو بتا دیں کہ سشانت سنگھ راجپوت نے سنہ 2013 میں اہنی فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے اب تک محض ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔
سشانت سنگھ راجپوت کی پہلی فلم کائی پو چے تھی، تاہم انہیں سب سے زیادہ شہرت عامر خان کی 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم پی کے سے ملی، جس کے بعد سنہ 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ایم ایس دھونی میں شاندار اداکاری کرکے انہوں نے اپنے مداحوں کا دل جیت لیا۔
اس چوتیس سالہ اداکار کی لاش ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے ملی۔انہوں نے اپنے کمرے کو بند کرکے پھندا لگا کر خودکشی کی۔
ابتدائی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کی تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔