ریاست اُترپردیش کے ضلع مظفرنگر میں دہلی حکومت میں کابینی وزیر راجندر پال گوتم مظفر نگر میں منعقد عام آدمی پارٹی کے ایک پروگرام میں شرکت کرنے پہنچے۔ اس دوران انہوں نے ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کی حکومت پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اُترپردیش کے عوام کو ذات اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کر کے جنگل راج بنا دیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'اترپردیش میں 2022 میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بننے جا رہی ہے، خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی نے اترپردیش میں پنچایت انتخابات کے ساتھ آغاز کر دیا ہے، یہاں دہلی حکومت میں کابینی وزیر راجندر پال گوتم نے اس معاملے پر وضاحت بھی دی ہے۔'
راجندر پال کا کہنا ہے کہ 'آج بی جے پی حکومت نے اترپردیش کو جنگل راج بنا دیا ہے، حالت یہ ہے کہ اترپردیش میں نہ تو کوئی خاتون محفوظ ہے اور نہ ہی دلت اور نہ ہی برہمن، حالت یہ ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کسی خاص ذات کے ہی وزیر اعلی بن گئے ہیں۔'
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'ریاست میں سرکاری اسکولوں اور طبی مراکز کی حالت بہت خراب ہے، ریاست کا ماحول خراب کر دیا گیا ہے، یہ کہا جاتا تھا کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس لیکن ترقی صرف اڈانی اور امبانی کی ہوئی ہے۔ آج کسان سڑکوں پر ہیں، یہ تحریک کسانوں کی نہیں بلکہ سبھی کی ہے۔'