کانگریس صدر راہل گاندھی کے عہدہ چھوڑنے کے اعلان کے بعد پارٹی کے سینیئر رہنما پرتاپ سنگھ باجوا نے کہا ہے کہ کانگریس صدر عہدے پر کسی نوجوان کو ہی بٹھایا جانا چاہیے۔
باجوا نے کہا کہ ایسے نوجوان کو کانگریس کانیا صدر بنایا جانا چاہیے جسے ملک کی سبھی ریاستوں کی جغرافیائی، سماجی اور سیاسی صورت حال کی گہری سمجھ ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی سیاست کی معلومات بھی ہو۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نئے صدر میں یہ بھی خصوصیات ہونی چاہیے کہ اس میں ملک کے نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلنے اور انہیں پارٹی سے جوڑنے کی صلاحیت ہو۔
پنجاب کانگریس کے سابق صدر اور ریاستی کمیٹی کے رکن پرتاپ سنگھ باجوا نے کہا کہ کون کانگریس کا نیا صدر ہوگا یہ تو پارٹی کی اعلیٰ پالیسی ساز پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کو ہی طے کرنا ہے لیکن ان کی تجویز ہے کہ ملک کی ووٹر آبادی میں 18سے 40 برس کی عمر کے لوگوں کی تعداد 70 فیصد ہے۔
اس لیے انہیں اپنے حق میں کرنے کے لیے نوجوان قیادت کی سخت ضرورت ہے،کوئی نوجوان رہنما ہی اس نوجوان طاقت کو پارٹی سے بخوبی جوڑ سکتا ہے۔