اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

بہار اسمبلی انتخاب میں 26 خواتین کامیاب

بہار میں اس بار اسمبلی انتخاب میں اتری 26 خواتین نے جیت کا پرچم لہرایا ہے۔ اس بار کے انتخاب میں 3733 امیدوار انتخابی میدان میں تھے ، جن میں محض 370 خواتین تھیں ، جو کل امیدواروں کا محض 9.91 فیصد ہے۔ اس انتخاب میں محض 26 خواتین منتخب ہوئی ہیں۔

26 women won in Bihar Assembly elections
بہار اسمبلی انتخاب میں 26 خواتین کامیاب

By

Published : Nov 11, 2020, 8:12 PM IST

بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے ٹکٹ پر سب سے زیادہ نو خواتین انتخاب جیت کر اسمبلی پہنچی ہیں۔ وہیں جنتا دل یونائٹیڈ(جے ڈی یو) کی چھ ، راشٹریہ جنتا دل ( آرجے ڈی) کی سات خواتین جیتنے میں کامیاب رہی ہیں ۔

اسی طرح کانگریس کی دو، ہندوستانی عوام مورچہ ( ہم ) اور وکاس شیل انسان پارٹی ( وی آئی پی ) کی ایک ۔ ایک خاتون امیدوار نے انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے۔

خواتین کی ہمدردی کا دعویٰ کرنے والی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) نے اس بار کے انتخاب میں 37 خواتین کو ٹکٹ دیا تھا۔ این ڈی اے میں شامل جے ڈی یونے سب سے زیادہ 22 ، بی جے پی نے 13 ہم اور وی آئی پی نے ایک۔ ایک خاتون کو ٹکٹ دیا ۔ ان میں سے بی جے پی سے نو خواتین رینودیوی ، شریہ سی سنگھ ، نکی ہیمبرم ، کویتادیوی ، رشم ورما ، گائتری دیوی ، نشا سنگھ ، بھاگیرتھی دیوی اور ارونا دیوی نے جیت حاصل کی ہے ۔ اسی طرح جے ڈی یو سے چھ خواتین امیدوار مینا کماری ، لیثی سنگھ ، شالینی مشرا، شیلا کماری ، بیمار بھارتی ، اور وینا بھارتی نے جیت حاصل کی ہے ۔ ہم کے ٹکٹ پر جیوتی دیوی جبکہ وی آئی پی کے ٹکٹ پر سورنا سنگھ منتخب ہوئی ہیں۔

مہا گٹھ بندھن کی جانب سے 24 خواتین انتخابی میدان میںتھیں۔ مہا گٹھ بندھن میں شامل آرجے ڈی نے 16، کانگریس نے سات اور سی پی آئی ایم ایل نے محض ایک خاتون کو امیدوار بنایا ہے ۔ سی پی آئی اور سی پی آئی ایم نے کسی خاتون امیدوار کو میدان میں نہیں اتارا ۔ آرجے ڈی کے ٹکٹ پر سات خواتین وینا سنگھ ، ریکھا دیوی ، سنگیتا کماری ، ویبھا دیوی ، انیتادیوی ، کرن دیوی اور منجو اگروال نے کامیابی کا پرچم لہرایا ۔ اسی طرح کانگریس کے ٹکٹ پر نیتو کماری اور پرتیما کماری نے جیت حاصل کی ۔ سی پی آئی ایم ایل کی کوئی خاتون جیت حاصل کرنے میں کامیاب نہیںہوئیں۔

اسی طرح لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی ) نے 22 ، بہوجن سماج پارٹی ( بی ایس پی ) نے آٹھ ، راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آر ایل ایس پی ) نے نو این سی پی نے محض پانچ خواتین کو امیدوار بنایا ، جن میں کوئی خاتون جیت حاصل نہیں کرسکی ۔

غورطلب ہے کہ بہار میں سال 2015 کے اسمبلی انتخاب میں کل 272 خواتین امیدوار کھڑی ہوئیں تھیں جن میں 28 خواتین منتخب ہوئیں ۔ اس وقت مہا گٹھ بندھن میں شامل جے ڈی یو ، آرجے ڈی اور کانگریس کی جانب سے 25 خواتین امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارا گیا ، جن میں سے 23 نے جیت حاصل کی ۔ جے ڈی یو اور آرجے ڈی نے 10-10 اور کانگریس نے پانچ خواتین کو امیدوار بنایا تھا جن میں جے ڈی یو کی نو ،آرجے ڈی کی سبھی دس اور کانگریس کی چار خواتین امیدوار کامیاب ہوئی تھیں۔ انتخاب میں بی جے پی نے 13 ، اس کی حلیف ایل جے پی نے چار ، ہم نے چار اور آر ایل ایس پی نے ایک خاتون امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارا تھا ۔ بی جے پی کی چار خواتین نے انتخاب میں کامیابی حاصل کی ، ہم ، آر ایل ایس پی کے ٹکٹ پر کوئی خاتون جیت حاصل نہیں کر سکیں۔ بوچہا ( محفوظ) سے آزاد امیدوار بے بی کماری نے وزیر ٹرانسپورٹ رمئی رام کو شکست دی تھی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details