سماج وادی پارٹی کے قد آور رہنما اور رکن پارلیمان اعظم خان طویل وقت سے جیل میں بند ہیں، اسی دوران انہیں ایک اور دھچکا اس وقت لگا جب عدالت محصولات نے اعظم خان کی جوہر یونیورسٹی کی 1400 بیگہ اراضی کو حکومت کے نام درج کرنے کا حکم دیا۔
جوہر یونیورسٹی کی 172 ایکڑ اراضی حکومت کے نام - رکن پارلیمان اعظم خان
تقریباً 100 مقدمات کا سامنا کر رہے سماج وادی پارٹی کے رہنما محمد اعظم خان کو ایک اور دھچکا لگا ہے۔ رام پور میں واقع جوہر یونیورسٹی کی 172 ایکڑ اراضی کو حکومت کے نام درج کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
تازہ ترین کارروائی کے تحت اے ڈی ایم انتظامیہ رامپور کی عدالت محصولات نے ایک فیصلہ سناتے ہوئے یہ مانا کہ محمد اعظم خان، صدر محمد علی جوہر ٹرسٹ کو حکومت کی طرف سے ساڑھے 12 ایکڑ سے زائد زمین خریدنے کی اجازت جن شرائط کی بنیاد پر دی گئی تھی ان پر عمل نہیں کیا گیا۔
لہذا شرائط کی خلاف ورزی کی وجہ سے محمد علی جوہر ٹرسٹ کے نام درج زمین میں ساڑھے 12 ایکڑ زمین چھوڑ کر بقیہ 70 ہیکٹیئر جوکہ تقریباً 1400 بیگھہاراضی کو محصولات کے ریکارڈ میں ریاستی حکومت کے نام پر درج کیے جانے اور اس پر قبضہ کرنے کا حکم دیا۔