ذرائع کے مطابق ڈاکٹر جے شنکر نے مہاراشٹر کے ساتارہ میں جادھو کی بیوی اور دیگر اہل خانہ سے فون پر بات کی اور عالمی عدالت کے فیصلے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ 'یہ کام اہل خانہ کے حوصلے اور صبر کے بغیر مشکل تھا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جادھو کی بہ حفاظت رہائی ہوگی اور وہ گھر لوٹیں گے۔
قبل ازیں وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے سرکاری رد عمل میں عالمی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ حکومت جادھو کی جلد از جلد بہ حفاظت وطن واپسی کے لیے پورے دم خم سے کوشش کرے گی۔
مسٹر کمار نے یہاں صحافیوں سے کہا ہم عالمی عدالت کی اس ہدایت کی تعریف کرتے ہیں کہ پاکستان کو فوجی عدالت کی جانب سے مسٹرجادھو کو سنائی گئی سزا کا گہرائی سے تجزیہ اور نظر ثانی کرنا چاہیے۔