سری نگر: سینئر کانگریس لیڈر جے رام رمیش کا کہنا ہے کہ بھارت جوڑو یاترا کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ یاترا سیاسی جماعتوں کے درمیان گٹھ جوڑ کے متعلق بھی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں ریاستی درجے کی بحالی اور جمہوری عمل کی بحالی فی الوقت ترجیحات ہیں۔ موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں کانگریس ہیڈ کوارٹر پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کو انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ اس کا سیاسی جماعتوں کے درمیان گٹھ جوڑ کرنے سے کوئی واسطہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ سال2024 کے انتخابات کے لئے ایک پلیٹ فارم بنانے کے متعلق بھی نہیں ہے۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ جموں وکشمیر میں سیاسی عمل کی بحالی اور ریاستی درجے کی بحالی فی الوقت ترجیحات میں ہے۔انہوں نے کہا کہ کنیا کماری سے شروع ہونے والی اس یاترا نے 116 دنوں میں 4 ہزار 80 کلو میٹر کلو میٹرطے کئے۔ ان کا کہنا تھا: ’یہ یاترا کل 136 دنوں پر محیط تھی جن میں نو دن دلی میں ٹھہراؤ تھا‘۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ روز 22 سے23 کلو میٹر طے کئے جاتے تھے اور یہ یاترا ملک کے 75 ضلعوں سے گذری۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں یہ یاترا کل دس ضلعوں سے گذری جن میں پانچ ضلعے جموں کے اور پانچ ضلع کشمیر کے ہیں۔