حیدرآباد: کیمیکل اور کھاد کے مرکزی وزیر مملکت بھگونت کھوبا نے ہفتہ کو کرناٹک کے بیدر ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ ایک تقریب میں بیدر-کلبرگی نئی ڈی ای ایم یو ٹرین سروس کو ہری جھنڈی دکھائی۔ کھوبا نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر ریلوے اشونی ویشنو کی قابل قیادت میں ریل کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی نے کرناٹک میں قابل ذکر ترقی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریل ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی ترقی سے علاقے کی ہمہ جہت ترقی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیدر-کلبرگی کے درمیان شروع کرائی گئی ڈی ای ایم یوخدمات کی دو نئی ٹرینیں مسافروں، خاص طور پر تاجروں، ملازمین اور طلباء کی ضروریات کو پورا کریں گی۔
کھوبا نے کہا کہ ٹرین خدمات آرام اور سہولت کے ساتھ ساتھ سفر کے لیے ایک مناسب قیمت پر مؤثرانتخاب فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیدر-ناندیڑ نئی ریلوے لائن پروجیکٹ کو شروع کیا جا رہا ہے اور مالی سال 2023-24 کے لیے 100 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیدر ریلوے اسٹیشن کو دوبارہ امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کی طویل مدتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اسٹیشن کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔