لکھنؤ: وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کو ریاستی کووڈ صلاح کار کمیٹی اور اعلی سطحی ٹیم۔9 کے ساتھ ریاست میں کورونا کے معاملات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف ریاستوں میں کووڈ کے معاملات میں اضافہ دیکھا جارہاہے۔ موجود وقت میں ملک میں 38 ہزار سے زیادہ ایکٹیو کیس ہیں۔ حالانکہ اترپردیش میں حالات کنٹرول میں ہیں۔ یہاں نہ صرف پازیٹیو شرح کم ہے بلکہ جو کووڈ پازیٹیو مریض مل رہے ہیں۔ ان کی حالت بھی معمول پر ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ حالت گھبرانے کی نہیں مستعد اور محتاط رہنے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ریاست میں 1791 ایکٹیو کیس ہیں اور ماہ اپریل میں اب تک پازیٹیو شرح0.65فیصدی رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ تجربات کو دھیان میں رکھتے ہوئے ہمیں الرٹ موڈ میں رہنا ہوگا۔ لکھنؤ، گوتم بدھ نگر، غازی آباد، وارانسی، آگرہ اور میرٹھ اضلاع میں خاص کر مستعدی برتنے کی ضرورت ہے۔ کووڈ کے ہر مشتبہ مریض کو فوری طبی سہولیت فراہم کرائی جائے۔ مقامی ضلع انتظامیہ سے تال میل قائم کرتے ہوئے سبھی اضلاع میں کووڈ اسپتال کو فورا فعال کر دیا جائے۔
وزیراعلی نے کہا کہ اترپردیش کووڈ ٹیکہ کاری سے محفوظ ہے۔ سب سے زیادہ ٹیکہ کاری اترپردیش میں ہوئی ہے۔ ریاستی کووڈ صلاح کار کمیٹی کی رپورٹ بتاتی ہے کہ کووڈ کو لے کر ریاست میں کسی بڑے خطرے کا شبہ صفر ہے۔ لیکن ہمیں کووڈ کے مطابق بہتر رویہ کو اپنا نا چاہئے۔ سنگین امراض میں مبتلا عمر رسیدہ افراد بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں آمدورفت سے پرہیز کریں۔