اننت ناگ:پورے ملک کے ساتھ ساتھ ضلع اننت ناگ کے مٹن میں بھی آج بیساکھی کا تہوار بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب میں وادی کے سبھی اضلاع سے آئے ہوئے ہزاروں عقیدت مندوں نے شمولیت کی اور خصوصی پوجا پاٹ کی مجلس میں حصّہ لیا۔ اس موقع پر مٹن کے سکھ سنگت کی جانب سے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا، جبکہ انتظامیہ کی طرف سے محکمہ صحت، میونسپلٹی، بجلی، جل شکتی اور دیگر محکموں کے ملازمین کو عقیدت مندوں کی سہولیت کے لئے تعینات کیا گیا تھا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے حوالے سے بھی غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔
تقریب میں مقامی مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور سکھ کمیونٹی کو بیساکھی کے موقع پر مبارک باد پیش کی، جبکہ اس موقع پر مقامی مسلم نوجوان نے کہا کہ مٹن علاقہ صدیوں سے آپسی بھائی چارے کے لئے جانا اور پہچانا جاتا ہے، کیونکہ مٹن کی روایت رہی ہے کہ یہاں پر ہر کوئی تہوار آپسی بھائی چارے کے ساتھ منایا جاتا ہے، چاہے عید ہو، دیوالی ہو یا بیساکھی کا تہوار۔ علاقہ میں جہاں ایک طرف اذانوں کی گونج ہوتی ہے وہی دوسری طرف مندر سے گھنٹیوں کی آوازیں سنائی دیتی ہے، مقامی مسلمانوں نے اس موقع پر امن و امان کے ساتھ ساتھ سکھوں کو ڈھیر ساری مبارک باد پیش کی۔