پاکستان میں پاکستان سُوپر لیگ ٹی۔20 کے میچز کھیلے جارہے ہیں، جہاں اب تک چھ میچز کھیلے جاچکے ہیں، جب چھٹا میچ کافی سنسنی خیز رہا، جس میں اسلام آباد یونائٹیڈ کے خلاف میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے دونوں افتتاحی کھلاڑی آئے اور وکٹ پر جم گئے۔
بابر اعظم اور شرجیل خان نے تاریخ رقم کردی
پاکستان سُوپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے چھٹے میچ میں بابر اعظم اور شرجیل خان نے تاریخ رقم کردی۔ دونوں بیٹسمینوں نے پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنر شپ بنائی.
شرجیل خان نے جہاں چھکوں کی برسات کی تو وہیں بابر اعظم فیلڈرز کے درمیان فاصلہ ڈھونڈ کر گیند کو باؤنڈری کی جانب کھیلتے رہے۔ دونوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 176 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ اس سے قبل ایونٹ میں سب سے بڑی پارٹنر شپ کا ریکارڈ بھی کراچی کنگز کے پاس ہی تھا۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کے بابر اعظم اور لیام لِونگ سٹن نے 2019 کے ایونٹ میں ملتان سلطانز کے خلاف 157 رنز کی پارٹنرشپ بنائی تھی۔ پی ایس ایل میں اب تک 5 مرتبہ 150 یا اس سے زائد کی پارٹنرشپ قائم ہوئی ہے جس میں سے بابر اعظم اور شرجیل خان تین تین پارٹنرشپ کا حصہ رہے ہیں۔