اترپردیش میں اسمبلی انتخابات 2022 کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ وہیں سماجوادی پارٹی کے کارکنان نے اپنی انتخابی مہم کا ایک انوکھا طریقہ وضع کیا ہے۔ اپنی دھواں دھار تقریروں سے انتخابات کا رخ موڑنے والے سماجوادی پارٹی کے قدآور رہنما اور رکن پارلیمان اعظم خاں گزشتہ دو برس سے سیتاپور جیل میں قید ہیں۔ ایسے میں یہ پہلا الیکشن ہے جب اعظم خاں اپنی پارٹی اور کارکنان کے درمیان موجود نہیں ہیں۔ اعظم خاں کی اس کمی کو پورا کرنے اور ان کی غیر موجودگی کے احساس کو ختم کرنے کے لئے رامپور میں انتخابی جلسوں میں ایک خالی کرسی چھوڑی جاتی ہے اور اس پر اعظم خاں کی تصویر رکھ دی جاتی ہے۔ UP assembly election 2022
پارٹی کارکنان کا ماننا ہے کہ اس سے کارکنان میں اعظم خاں کی موجودگی کا احساس برقرار رہتا ہے۔ وہیں اس معاملے پر سماجوادی پارٹی کے ضلع صدر ویریندر گویل راماین کے حوالے سے شری رام کے 14 برس کے بنباس سے تشبیہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ رام چندر جی کے 14 برس کے بن باس کے وقت ان کے بھائی بھرت نے شری رام کی کھڑاؤں رکھ کر 14 برس راج کاج چلایا تھا۔