شملہ: ہماچل پردیش میں ڈیفنس جیو انفارمیٹکس ریسرچ اسٹیبلشمنٹ (ڈی جی آر ای) نے ریاست کے کئی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے ایڈوائزری جاری کرکے لوگوں کو اس بارے میں آگاہ کیا ہے۔ ڈی جی آر ای نے اٹل ٹنل، مڑھی -روہتانگ اور کوکسار علاقوں کے جنوب اور شمال میں برفانی تودے گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔ انتظامیہ نے سیاحوں اور عام لوگوں سے اس سمت میں غیر ضروری سفر نہ کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایڈوائزری میں چمبہ، کلو اور لاہول اسپتی میں برفانی تودے گرنے کا امکان ظاہر کیا گياہے۔
منالی-لیہہ روڈ مڑھی-روہتانگ-کوکسار-سیسو-ٹنڈی، ٹنڈی-کیلونگ-درچہ، اٹل ٹنل روہتانگ شمالی پورٹل- اٹل ٹنل کا جنوبی پورٹل، بیاس کنڈ علاقہ، ادے پور-کلر-چمبہ روڈ کے علاقے کو بھی غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ لاہول-کلو کے نہرو کنڈ-کلانگ-پلچن اور کوٹھی، کوٹھی سے روہتانگ پاس، پالچن سے سولنگانہ، سولنگانہ سے ڈھونڈی، کولو ضلع کے خانگ-جلوڈی پاس علاقے میں برفانی تودے گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ منالی کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) ڈاکٹر سریندر ٹھاکر نے کہا کہ ضلع کے تمام بالائی علاقوں میں شدید برف باری ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے برفانی تودے گرنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ ڈی جی آر ای کی ایڈوائزری کے بعد الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے سیاحوں اور لوگوں کو بالائی علاقوں میں نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔