برسبین:آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہفتہ سے برسبین میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے۔پیٹ کمنز، جو ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے تھے، انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹیم کی قیادت کے لئے واپس آئے ہیں۔Australia Announce Test Playing 11 Against South Africa
فاسٹ باؤلر پرتھ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد وہ دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ ان کی جگہ اسٹیو اسمتھ نے دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کی تھی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار باؤلنگ کرنے والے مائیکل نیسر کمنز کے آنے کے بعد پلیئنگ الیون سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ اسکاٹ بولانڈ کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں جگہ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیوڈ وارنر، مارنس لابوشین، ٹریوس ہیڈ اور کیمرون گرین کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، جس میں آسٹریلیا (ممکنہ پوائنٹس کا 75 فیصد) اور جنوبی افریقہ (ممکنہ پوائنٹس کا 60 فیصد) اسٹینڈنگ میں پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ ہفتہ کو گابا گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبورن اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ 4 سے 8 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جانا ہے۔