ممبئی:ریاست مہاراشٹر کے ممبئی میں ساکی ناکہ پولیس تھانے کی حد میں ہولی کے دن ایک مسلم شخص پر جان لیوا حملہ کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پہلے اُس کا نام پوچھا گیا۔ اس کے بعد اسے زدوکوب کیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں چھ ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ 3 کی تلاش جاری ہے۔ ممبئی پولیس نے اس واردات کے بعد علاقے میں نظم و نسق برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ متاثرہ نوجوان ہسپتال میں زیر اعلاج ہے۔
اطلاعات کے مطابق اویس شاہ سات مارچ کو جری مری علاقہ میں کہیں جا رہے تھے، اسی دوران ہولی کھیل رہے کچھ شرپسندوں نے پہلے ان سے بدتمیزی کی، اس کے بعد نام پوچھا، جیسے ہی پتا چلا کہ وہ شخص مسلم ہے۔ اُس کے بعد اویس کو بری طرح مارا پیٹا گیا۔ زخمی حالت میں اویس کو ممبئی کے کیم ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اُس کا اعلاج چل رہا ہے۔ اس واردات کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی ہے۔