قومی دارالحکومت دہلی کے جنتر منتر پر آج آسام کی طلبا تنظیم (آل بی ٹی سی مائنارٹی اسٹوڈنٹس یونین) کی جانب سے انصاف، تحفظ اور حقوق کے عنوان پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج کے دوران آسام میں جاری بلڈوزر کی سیاست پر روک لگانے، مسلمانوں کے خلاف حکومتی سطح پر ہو رہی زیادتی اور آل بی ٹی سی مائنارٹی اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر شہید لفیق الاسلام احمد کے ملزمان کو سزا دلانے کا مطالبہ کیا گیا۔Assam Students Protest In Delhi
اس موقع پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے آسام طلبا تنظیم اے بی ایم ایس یو کے صدر اشرف الاسلام سے بات کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ آسام میں اقلیتی برادری پر این آر سی کے نام پر ظلم کیا جا رہا ہے، انہیں ان کی زمینوں سے نکالنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح سے آسام میں مدارس پر بلڈوزر کی کارروائی کی جا رہی ہے وہ سراسر غلط ہے، ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ اسی لیے ہم نے آج دارالحکومت دہلی سے اس احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا ہے۔ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات کو قبول نہیں کیا تو وہ دہلی سے آسام تک سبھی جگہ احتجاجی مظاہرے کریں گے۔