ممبئی: ایشیا کی پہلی خاتون لوکو پائلٹ سُریکھا یادو نے پیر کو مہاراشٹر کے سولاپور سے سی ایس ایم ٹی تک وندے بھارت ایکسپریس چلائی۔ اس کامیابی کے لیے سریکھا کا چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس کے پلیٹ فارم نمبر 8 پر ان کے ساتھی ٹرین پائلٹس نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ سریکھا یادو نے نئے دور کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس وندے بھارت ٹرین چلانے کا موقع فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ ٹرین وقت پر سولاپور سے روانہ ہوئی اور وقت سے 5 منٹ پہلے سی ایس ایم ٹی پہنچ گئی۔ سی آر کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سریکھا یادو ایشیا کی پہلی خاتون لوکو پائلٹ ہیں۔ انہوں نے 13 مارچ 2023 کو سولاپور سے سی ایس ایم ٹی تک وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو کامیابی سے چلایا۔ اس کے ساتھ ہی وہ وندے بھارت ایکسپریس چلانے والی پہلی خاتون لوکو پائلٹ بن گئیں۔ ان کی اس کامیابی نے سنٹرل ریلوے کو بھی اعزاز بخشا۔ یہ بھارتی ریلوے کے لیے بھی ایک قابل فخر لمحہ ہے۔
بتادیں کہ مہاراشٹر کے شہر ستارہ کی رہنے والی سریکھا یادو 1988 میں بھارت کی پہلی خاتون ٹرین ڈرائیور بنیں۔ ان کی کامیابیوں کے لیے انہیں ریاستی اور قومی سطح پر کئی اعزازات سے نوازا گیا ۔ سنٹرل ریلوے میں شامل ہونے سے پہلے یادو نے الیکٹریکل انجینئرنگ میں ڈپلومہ کیا تھا۔ جب ان سے جدید ترین وندے بھارت ٹرین چلانے کے پہلے ہاتھ کے تجربے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وندے بھارت ایک تیز رفتار ٹرین ہے، جو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، اس لیے روایتی ٹرینوں سے زیادہ مستعدی کی ضرورت ہے۔