حیدرآباد : وارانسی کی گیانواپی مسجد میں شیولنگ ملنے کے دعوے کے بعد آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے پیر کو کہا کہ یہ ڈھانچہ شیو لنگ نہیں بلکہ ایک فورا ہے۔ ایک عرضی گزار کے اس دعوے پر کہ گیانواپی مسجد میں ایک 'شیولنگ' پایا گیا تھا، جس پر اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شیولنگ نہیں ہے بلکہ ایک فورا ہے اور ہر مسجد میں یہ فورا ہے، اگر شیولنگ ملا تھا تو عدالت کے کمشنر کو یہ بات بتانی چاہئے تھی۔ علاقے کو سیل کرنے کا حکم 1991 کے ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ گیان واپی مسجد احاطے کی ویڈیوگرافی سروے کا کام پیر کو مکمل ہوگیا۔ جس کے فورا بعد ہندو فریق کی جانب سے اس کے وکیل ہری شنکر جین نے عدالت میں درخواست داخل کی۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ مسجد احاطے میں 16مئی بروز پیر کو سروے کے دوران شیولنگ پایا گیا ہے۔ یہ اہم ثبوت ہے۔ عرضی میں عدالت سے درخواست کی گئی کہ وہ سی آر پی ایف کے کمانڈنٹ کو حکم دے کہ اس مقام کو سیل کردیا جائے۔ ساتھ ہی وارانسی کے ڈی ایم کو حکم دیا جائے کہ وہ مسلمانوں کے داخلے کے پابندی عائد کرے۔