دو روز قبل ملک کے وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ متنازع زرعی قوانین کو واپس لینے کے اعلان کو اسمبلی انتخابات سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ حالانکہ وزیراعظم کے اس اعلان پر کسان خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ نے بھی وزیراعظم کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ کسانوں کی جیت ہے۔ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کے دوران ملک بھر میں تقریبا 700 کسانوں کی موت ہوئی۔
اے ایم یو طلبہ کا کہنا ہے جس طرح کسانوں نے زرعی قوانین کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جس میں کسان ہلاک بھی ہوئے، اسی طرح ملک کے مختلف مقامات پر دسمبر 2019 میں پاس ہوئے شہریت ترمیمی قانون (CAA) کے خلاف احتجاج کیا گیا، جس میں کئی لوگ زخمی اور شہید بھی ہوئے۔
طلبہ کا کہنا ہے کورونا وبا کے سبب وہ احتجاج ختم کردیے گئے تھے لیکن اب ہم وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جس طرح زرعی قوانین کو واپس لینے کا اعلان کیا گیا۔ اسی طرح جلد سے جلد شہریت ترمیمی قانون (CAA) کو بھی واپس لینے کا اعلان کیا جائے۔