چھتیس گڑھ: ریاست چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ بستر ڈویژن میں عوامی نمائندوں کے قتل کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔ دنتے واڑہ میں نکسلیوں نے سابق سرپنچ کا قتل کر دیا ہے۔ ساتھ ہی موقع پر ایک پمفلٹ بھی پھینکا گیا ہے، جس میں لکھا گیا ہے کہ تین بار سمجھانے کے بعد بھی وہ نہیں مانا اس لیے اس کا قتل کیا گیا۔ بستر ڈویژن میں گزشتہ سات دنوں میں نکسلیوں کے ہاتھوں عوامی نمائندوں کے قتل کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
نکسلیوں نے برسور تھانہ علاقے کے ہیتا میٹا گاؤں کے سابق سرپنچ رامدھر عالمی کو چاقو مار کر ہلاک کر دیا۔ سابق سرپنچ نجی کام کے لیے ضلع مرمواڈا نارائن پور کے ایک گاؤں گئے تھے۔ یہ گاؤں ہندواڑہ کے قریب ہے، جہاں نکسلیوں نے ہفتہ کی رات رامدھر کو قتل کر دیا۔ اس سے پہلے نکسلائٹس بیجاپور اور نارائن پور میں بی جے پی کے مقامی لیڈروں کو بھی قتل کر چکے ہیں۔ سابق سرپنچ کے قتل پر دنتے واڑہ کے ایس پی سدھارتھ تیواری نے کہا کہ نکسلائٹ دہشت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بے گناہ لوگوں مار رہے ہیں۔وہیں اس معاملے پر بی جے پی کے ضلع صدر چیترام اتمی نے کہا کہ رامدھر عالمی بی جے پی کا کا رکن تھا۔ وہ کافی عرصے سے تنظیم کے لیے کام کر رہا تھا۔ نکسلیوں کے ذریعہ اسے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔