علیگڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں گذشتہ کچھ روز سے طلبہ کے ساتھ نقب زنی اور فائرنگ کے واقعات پیش آرہے ہیں اور ان معاملات کو روکنے میں اے ایم یو انتظامیہ ناکام ثابت ہورہی ہے۔ گذشتہ روز یونیورسٹی کے آرٹ فیکلٹی میں کچھ نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی، جس کے خلاف طلبہ نے احتجاج کیا۔ احتجاج میں شامل ایک طالب علم نے بتایا کہ گذشتہ روز امتحان کے دوران آرٹ فیکلٹی پر باہر کے چند نامعلوم افراد نے ایک طالب علم پر فائرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کو کس نے یونیورسٹی کیمپس میں بندوق کے ساتھ داخل ہونے کی اجازت دی؟ یونیورسٹی انتظامیہ ملزمین کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ہمارے خلاف کارروائی کر رہی ہے اور اگر ایسا ہی رہا تو کیمپس میں طلبہ کی حفاظت کی ذمہ داری کون لے گا ؟AMU students protest against firing in campus
یونیورسٹی پراکٹر کے مطابق سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمین کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اور ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ تاہم گذشتہ روز طالب علم کو اغوا کرنے اور فائرنگ کے خلاف آج تقریباً دو درجن طلباء نے باب سید گیٹ پر احتجاج کیا اور ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ یونیورسٹی کے پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے بتایا گذشتہ روز ایک طالب علم کو کچھ لوگوں نے اغوا کر لیا۔ اسی دوران فائرنگ بھی ہوئی اور ایک کاشف نام کا ایک طالب علم زخمی بھی ہوا۔ فائرنگ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہو گئی ہے، جو بھی اس معاملے میں قصور وار ہوگا اس کے خلاف ایکشن لیا جائےگا۔