این ڈی ٹی وی کے نامور صحافی کمال خان کے انتقال NDTV Journalist Kamal Khan Passes Away کی خبرپر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی ( اے ایم یو) میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے AMU Mourns Death Of Kamal Khan، جن کا لکھنؤ میں حرکت قلب بند ہوجانے سے اچانک انتقال ہوگیا۔
نامور صحافی کمال خان کی انتقال کی خبر پر یونیورسٹی کے اساتذہ اور حکام نے اپنی تعزیت پیش کرتے ہوئے غمزدہ کنبہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ کمال خان ممتاز صحافی اور اچھے انسان تھے وہ شہریوں کو عوامی زندگی سماج اور حکومت سے متعلق بروقت خبریں اور اطلاعات فراہم کراتے تھے جن سے انہیں بہتر فیصلے کرنے میں مدد ملتی تھی، ان کے انتقال پر غم زدہ کنبہ اور صحافی برادری سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
اے ایم یو کے رجسٹرار عبدالحمید (آئی پی ایس) نے کہا کہ کمال خان اپنی خبروں سے اپنے معاصرین، سینئرس اور نوجوان نسل کے صحافیوں کو ہمیشہ متاثر کرتے تھے۔ ایک رپورٹر اور بیورو چیف کے طور پر وہ دوسروں کے لئے ایک مثال تھے' انہوں نے کہا کہ اے ایم یو برادری ملک کے دیگر شہریوں کے ساتھ اس غم کی گھڑی میں برابر کی شریک ہے۔
صدر شعبہ ترسیل عامہ، اے ایم یو پروفیسر پتابس پردھان نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ' کمال خان نہ صرف این ڈی ٹی وی کے نامور صحافی تھے بلکہ ملک کے باکمال صحافیوں میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ ان کا انتقال ہم سبھی کا ایک بڑا خسارہ ہے'۔