وزیراعظم کیئرز فنڈ کے تحت قائم کیے گئے اعلی معیار کے آکسیجن جنریشن پلانٹ کورونا وبا کی تیسری لہر کے امکان کے پیش نظر لوگوں کو مزید راحت فراہم کرے گا۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے آج جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے زیدی بلاک میں 200 سے زیادہ مریضوں کے لئے ایک منٹ میں 1000 لیٹر آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل پلانٹ کا افتتاح کیا۔
پروفیسر طارق نے کہا کہ یہ دوسرا اعلیٰ صلاحیت والا آکسیجن جنریشن پلانٹ ہے جو جے این ایم سی میں شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ایک آکسیجن پلانٹ کا افتتاح جے این ایم سی میں کیا تھا۔ یہ ریسپائریٹری آئی سی یو، پیڈیاٹرک وارڈ اور آئی سی یو، میڈیسن وارڈ، پلمونولوجی وارڈ، کورونری یونٹ اور سی سی یو کو آکسیجن فراہم کریگا۔
پروفیسر طارق منصور نے مزید کہا پی ایم کیئرز فنڈ کے تحت ایک اور اعلیٰ صلاحیت والا آکسیجن جنریشن پلانٹ اگلے تین دنوں میں جواہر لال نہرو میڈیکل کالج میں موصول ہونے کی توقع ہے۔ اس کا افتتاح ایک ہفتے میں کیا جائے گا۔