اسرائیلی کمپنی این ایس او گروپ کے تیار کردہ پیگاسس اسپائی ویئر کے ذریعہ صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور کچھ سیاسی قائدین کی مبینہ جاسوسی پر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی تحقیقات پر قائم ہے اور ان کے خلاف کیا جارہا پروپیگنڈا تحقیقات میں کئے گئے انکشافات سے توجہ ہٹانے کے لئے کیا جارہا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ 'ایمنسٹی انٹرنیشنل واضح طور پر پیگاسس پروجیکٹ کی تحقیقات پر قائم ہے اور یہ کہ ڈیٹا یقینی طور پر این ایس او گروپ کے پیگاسس اسپائی ویئر کے ممکنہ اہداف سے منسلک ہے۔ سوشل میڈیا پر جو جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں ان کا مقصد صحافیوں، کارکنوں کی وسیع پیمانے پر غیر قانونی جاسوسی کے انکشافات سے توجہ ہٹانا ہے۔'
واضح رہے عالمی میڈیا کے ایک کنسورشیم ( انجمن) کے ذریعہ لیک ہوئی ڈیٹا پر مبنی ایک تحقیقات سے یہ ثبوت ملے ہیں کہ اسرائیل میں مقیم بدنام زمانہ کمپنی این ایس او گروپ کے تیار کردہ ملٹری گریڈ اسپائی ویئر کا صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنان اور سیاسی اختلافات رکھنے والوں کی جاسوسی کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔