نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ہفتہ کو کرناٹک کے ایک دن کے دورے پر ہوں گے جہاں وہ دھارواڑ میں نیشنل فارنسک یونیورسٹی (کرناٹک کیمپس) کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور کئی دیگر پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ دن بھر کے دورے کے دوران مسٹر شاہ سب سے پہلے صبح ہبلی میں کے ایل ای ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کی پلاٹینم جوبلی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد وہ دھارواڑ میں نیشنل فارنسک یونیورسٹی کے کرناٹک کیمپس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ درشن کے لیے شمبولنگیشور مندر بھی جائیں گے۔ شام میں وہ لنگایت دھرم کے بساونا دیورا مٹھ بھی جائیں گے۔
ان کے دورے سے بی جے پی کا گڑھ سمجھے جانے والے خطہ میں پارٹی کی کرناٹک یونٹ کو مضبوط کرنے کا امکان ہے۔ پارٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ وزیر داخلہ امت شاہ شمالی کرناٹک علاقے میں پارٹی کو مزید مضبوط کرنے کے لیے کئی میٹنگیں کر رہے ہیں۔ کرناٹک لنگایت سوسائٹی (KLE) کے بی وی بی (BVB) انجینئرنگ کالج کے انڈور اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے علاوہ وہکرناٹک لنگایت سوسائٹی کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ امرت مہوتسو میں بھی شرکت کریں گے۔ بعد میں وہ دھارواڑ میں فارنسک سائنس لیبارٹری کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہیں پارٹی نے ڈیڑھ کلومیٹر تک میگا روڈ شو کا بھی انعقاد کیا ہے اور کچھ گھروں میں پارٹی پمفلٹ تقسیم کریں گے۔