واشنگٹن:امریکہ نے سان فرانسسکو میں بھارتی قونصل خانے پر حملے کی مذمت کی ہے اور انہوں نے سفارت کاروں کی حفاظت کا عہد کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو یہ اطلاع دی۔ خالصتانی حامیوں نے لندن میں توڑ پھوڑ کے بعد مبینہ طور پر سان فرانسسکو (ایس ایف او) میں بھارتی قونصل خانے پر حملہ کیا۔ جس کے دفتر کا دروازہ توڑنے اور حملہ کرنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ بھارتی حکام نے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا ویڈیو قونصل خانے کے باہر کا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ یہ کب کا ہے۔
فاؤنڈیشن فار انڈیا اینڈ انڈین ڈائسپورا اسٹڈیز (ایف آئی آئی ڈی ایس) نے اتوار کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) پر شبہ ظاہر کیا۔ ایف آئی آئی ڈی ایس نے کہا ہے کہ ہمیں شبہ ہے کہ جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے سکھ بنیاد پرستی کو بھڑکانے اور فنڈنگ کرنے کے پیچھے پاکستان کی آئی ایس آئی کا ہاتھ ہے۔ ہم لندن کے ساتھ ساتھ ایس ایف او میں امن و امان کی مکمل ناکامی سے حیران ہیں، جہاں کچھ بنیاد پرست علیحدگی پسندوں نے بھارتی قونصلیٹ پر حملہ کیا۔