نئی دہلی: بھارت میں امریکہ کے سفیر ایرک گارسیٹی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں توسیع کے بھارت کے مطالبے کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ نیوز ایجنسی یو این آئی کے ساتھ ایک انٹرویو میں گارسیٹی نے کہا کہ وقت کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اداروں کی توسیع کی ضرورت ہے۔ اس سوال پر کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) میں بھارت کی مستقل رکنیت میں کیا رکاوٹیں ہیں اور بھارت کب تک اس کا رکن بن سکتا ہے، امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ اس میں بھارت کی شمولیت کی خواہش کا حامی ہے۔ امریکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی توسیع کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ہمیں وقت کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اداروں کی ضرورت ہے۔ خطوں اور ممالک کی طاقت اور اہمیت اقوام متحدہ میں یکساں طور پر ظاہر ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں قواعد موجود ہیں اور ہم زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کی کوشش میں بھارت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، لیکن بنیادی طور پر، بدقسمتی سے، امریکہ کی طرف سے نہیں، بلکہ ایک اور ملک سے ہی اعتراض ظاہر ہو رہا ہے اور ہمیں اس مدے پر متحد ہونا ہوگا۔ مجھے لگتا ہے کہ جی 20 کے بعد مزید ممالک دیکھیں گے کہ بھارت کی قیادت کتنی اہم ہے اور مجھے امید ہے کہ اس سے بھارت کو مزید حمایتی حاصل کرنے کی مہم میں مدد ملے گی اور جلد ہی ایک دن ہم آخرکار ایسا ہوتا دیکھیں گے۔