نئی دہلی: اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر پیر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں اطلاعات چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو اندھیرے میں رکھا جا رہا ہے۔ خصوصی اجلاس کے موقع پر اتوار کو یہاں وزارت پارلیمانی امور کی طرف سے بلائے گئے کل جماعتی اجلاس کے بعد اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ حکومت اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں درست اطلاعات نہیں دے رہی اور اس کے قول و فعل میں فرق ہے۔ . دوسری جانب حکومت نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو اجلاس کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے اور امید ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اجلاس کے احسن انعقاد میں تعاون کریں گی۔
میٹنگ میں کئی اپوزیشن جماعتوں نے خواتین کے ریزرویشن بل کو منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل کافی عرصے سے زیر التوا ہے اور لوک سبھا انتخابات سے قبل اسے پاس کروانے کا یہ صحیح وقت ہے۔ ڈی ایم کے کے تروچی سیوا نے میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ارکان کو قانون سازی سے متعلق ایک فہرست دی گئی ہے لیکن یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اس کے علاوہ بل بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ حکومت کی طرف سے ان بلوں کے بارے میں اطلاعات نہیں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت نے کہا تھا کہ یہ خصوصی اجلاس ہوگا لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ یہ عام سیشن ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر یہ عام سیشن ہے تو ارکان کو مہنگائی، بے روزگاری، کاویری مسئلہ، این ای ای ٹی مسئلہ، گورنر کی سرگرمیاں، خواتین بل جیسے مسائل اٹھانے کے لئے کافی وقت دیا جانا چاہئے۔