ملک کے مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے یکساں سول کوڈ کے حوالے سے ایک اہم بیان جاری کیا ہے۔ بورڈ کے کارگزار جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے ہفتہ کے روز اے آئی ایم پی ایل بی کے آفیشل پیج پر دیے گئے ایک بیان میں کہا کہ اللہ نے ہمیں ایک ایسے ملک میں پیدا کیا ہے جو بہت ساری خوبیوں سے لبریز ہے۔ اس ملک میں مختلف مذاہب اور مختلف تہذیبوں سے وابستہ افراد بستے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب صدیوں سے محبت اور انسانیت کے ساتھ ایک دوسرے کی سکھ دکھ میں زندگی گزارتے آئے ہیں۔
اس دوران، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے بی جے پی پر ماحول خراب کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں یکساں سول کوڈ لانے کی بات کی جارہی ہے، جو بنیادی مسائل سے توجہ بھٹکانے والی بات معلوم پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکساں سول کوڈ غیر آئینی اور ناقابل عمل ہے۔
مسلمان قرآن و حدیث کا پابند
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اپنے بیان میں کہا کہ جو مسلم قرآن و حدیث میں بتایا گیا ہے مسلمان اس پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اس بات کا اختیار نہیں ہے کہ وہ قرآن شریف اور حدیث کے احکام کو بدل ڈالے۔
مولانا نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں میں سود کا لین دین ہرگز جائز نہیں ہے اور اس چیز سے مسلمان پرہیز کرتا ہے۔ انہوں نے جوئے اور شراب کی بھی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان نہ شراب کی خرید یا فروخت کرسکتا اور نہ ہی وہ جوئے میں کسی قسم کا لین دین کرسکتا ہے کیونکہ اس کو دین اسلام نے حرام قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی بہت سی چیزیں کامن سول کوڈ میں آئیں گی جو شریعت سے متصادم ہوں گی۔ شریعت مرد کو انصاف کی شرط کے ساتھ ایک سے زیادہ شادی کرنے کی اجازت دیتی ہے اور یکساں سول کوڈ میں اس کی ممانعت ہوگی۔ شریعت میں مردوں کو طلاق دینے کا حق دیا گیا ہے، جس میں اگر دونوں کی رضامندی ہوجائے تو رسوائی کے بغیر عورتوں کا بھی فائدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامن سول کوڈ میں مرد کے ہاتھ سے طلاق کا حق چھین لیا جائے گا اور یہ اختیار عدالت میں جائے گا، جس میں کافی وقت لگتا ہے۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے مسلمانوں کے ایسے ہی بہت سارے معاملات کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کامن سول کوڈ مسلمانوں کے لیے شرعی اعتبار سے بالکل بھی درست نہیں ہوگا۔
ملک میں مذہبی آزادی حاصل