علی گڑھ مسلم یونیور سٹی کا نام بدل کر راجہ مہیندر پرتاپ کے نام پر رکھنے کے لئے بی جے پی رہنماوں کے دیرینہ مطالبہ کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی آج راجہ مہیندر پرتاپ سنگھ کے نام پر اے ایم یو کے قریب ہی ایک نئی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق وزیر اعظم مودی منگل کو علی گڑھ آئیں گے اور راجہ مہندر پرتاپ کے نام پر بننے والی یونیورسٹی کا بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو علی گڑھ کا دورہ کیا تاکہ ضلع کے لودھا علاقے میں منعقد ہونے والے وزیر اعظم کے پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔
سال 2014 میں بی جے پی کے چند مقامی رہنماؤں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا نام راجہ مہندر پرتاپ کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کی دلیل یہ تھی کہ راجہ نے اے ایم یو کے قیام کے لیے زمین عطیہ کی تھی۔
یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب اے ایم یو کے تحت سٹی اسکول کی 1.2 ہیکٹر اراضی کی لیز کی مدت ختم ہورہی تھی اور راجہ مہندر پرتاپ سنگھ کے قانونی وارث لیز کی مدت کی تجدید نہیں کرنا چاہتے تھے۔
اے ایم یو کے ترجمان نے کہا کہ اگرچہ یہ مسئلہ پچھلے سال بڑی حد تک حل ہوا تھا، جب اے ایم یو کے عہدیداروں نے سٹی اسکول کا نام راجہ مہندر کے نام پر رکھنے کی تجویز پیش کی تھی، لیکن اس معاملے میں کچھ تکنیکی رکاوٹوں کو دور کرنے کا کام ابھی بھی جاری ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی آج راجہ مہندر پرتاپ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ اتر پردیش ڈیفنس انڈسٹریل کوریڈور اور علی گڑھ میں راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماڈل کا بھی معائنہ کریں گے۔