مدورائی: ریاست تملناڈو کے ضلع مدورائی کے النگنالور میں منعقدہ جلی کٹو مقابلے میں سیوا گنگائی ضلع کے ابی سدر نے 26 بیلوں کو پکڑا اور تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن کی طرف سے پیش کردہ ایک لگژری کار کو پہلے انعام کے طور پر حاصل کیا۔ تمل ناڈو کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور کھیل کے وزیر ادھیانیدھی اسٹالن نے آج مدورائی ضلع کے النگنالور میں پونگل کے موقع پر منعقدہ جلی کٹو مقابلوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ مدورائی کے ضلع کلکٹر انیش شیکھر، وزراء مورتی، پی ٹی آر پالانیول تھیاگراجن، انبل مہیش پویاموزی، رکین اسمبلی وینکٹیشن، تھلاپتی اور اداکار سوری موجود تھے۔ کھیل صبح 8 بجے شروع ہوا اور مجموعی طور پر 10 راؤنڈز منعقد ہوئے۔ جس میں 303 کھلاڑی اور 825 بیل میدان میں آکر کھیلے۔ مجموعی طور پر 53 افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سے 10 کو مزید علاج کے لیے مدورائی کے سرکاری راجا جی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
مقابلے میں حصہ لینے والوں کو سونے کی انگوٹھیاں دی گئیں اور سائیکل، واشنگ مشین، گرائنڈر اور برتن جیسی اشیاء تحفے کے طور پر دی گئیں۔ سیوا گنگائی ضلع پوونتھی سے تعلق رکھنے والے ابی سدر جنہوں نے آج منعقدہ مقابلوں میں 26 بیل پکڑے، نے تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن کی طرف سے پیش کردہ لگژری کار (7 لاکھ روپے) کا پہلا انعام جیتا۔ اس کے علاوہ مختلف تمل انجمنوں نے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو ایک گائے اور ایک بچھڑا تحفہ کے طور پر دیا۔ مدورائی ضلع سے تعلق رکھنے والے اجے جس نے 20 بیل پکڑ کر دوسری پوزیشن حاصل کی، کو موٹر سائیکل سے نوازا گیا۔ النگنالور کے رنجیت نے 12 بیل پکڑے اور تیسرا مقام حاصل کیا۔