ملک کے متعدد مقامات سے ہجومی تشدد کی تشویشناک خبریں موصول ہورہی ہیں۔ تازہ واقعہ ریاست راجستھان کے اجمیر شریف کے علاقہ رام گنج پولیس اسٹیشن کا ہے جہاں شرپسندوں نے ایک نوجوان کو اس کی معصوم بیٹی اور بیٹے کے سامنے تشدد کا نشانا بنایا۔
اجمیر کے رام گنج پولیس اسٹیشن کے چندر وردائی نگرعلاقہ کی گلیوں میں ایک گداگر بھیک مانگ رہا تھا۔ اسی درمیان شرپسندوں نے گھیر کر اس کی پٹائی شروع کردی۔ یہاں تک کہ اسے پاکستان جاکر بھیک مانگنے کے لئے کہا اور جان سے مارنے کی دھمکی تک دی۔ اس پورے معاملہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
وہیں اس معاملہ پر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ہندوتواوادی، خود کو عظیم محسوس کروانے کے لئے کبھی کسی مسلمان فقیر کو مارتے ہیں تو کبھی بھیڑ جمع کر کے چوڑی بیچنے والے کی پٹائی کرتے ہیں۔ یہ کم ظرفی اور کمتری گوڈسے کی ہندوتوا وادی فکر کی عکاسی ہے۔ اگر معاشرہ اس سوچ کا مقابلہ نہیں کرے گا تو یہ کینسر کی طرح پھیلتی رہے گی۔