نئی دہلی: بھارتی فضائیہ نے پیر کو باضابطہ طور پر دیسی تیار کردہ لائٹ یعنی ہلکی جنگی ہیلی کاپٹر کو اپنے بیڑے میں شامل کیا۔ اس سے فضائیہ کی طاقت میں مزید اضافہ ہو گا کیونکہ یہ ملٹی فنکشنل ہیلی کاپٹر مختلف قسم کے میزائل فائر کرنے اور ہتھیاروں کے استعمال کی صلاحیت رکھتا ہے۔ LCH کو ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (HAL) نے تیار کیا ہے، جسے بنیادی طور پر بلندی والے علاقوں میں تعینات کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ Air Force gets first made India light combat helicopters
وزیر اعظم مودی کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی برائے سیکورٹی (CCS) نے رواں برس مارچ میں 15 مقامی لائٹ اٹیک ہیلی کاپٹر (LCH) کی خریداری کو منظوری دی تھی۔ یہ ہیلی کاپٹر HAL سے 3387 کروڑ میں خریدے گئے ہیں۔ ان میں سے 10 ہیلی کاپٹر فضائیہ کے لیے ہیں اور پانچ انڈین آرمی (فوج) کے لیے ہیں۔
اس سے قبل اتوار کو حکام نے بتایا کہ اس ہیلی کاپٹر کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، ایئر چیف مارشل وی آر چودھری کی موجودگی میں جودھ پور میں ایئر فورس بیس پر منعقدہ ایک پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ وزیر دفاع نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ نئے ہیلی کاپٹروں کی شمولیت سے بھارتی فضائیہ کی "جنگی صلاحیت" کو "بڑا فروغ" ملے گا۔ حکام نے بتایا کہ 5.8 ٹن وزنی انجن والے ہیلی کاپٹر کا پہلے ہی کئی ہتھیاروں کے استعمال کے لیے تجربہ کیا جا چکا ہے۔