نئی دہلی: پنجاب میں اگنی ویر بھرتی ریلی سے متعلق میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے فوج نے بدھ کو واضح کیا کہ ریاست میں بھرتی ریلیاں آسانی سے چل رہی ہیں اور انہیں کسی دوسری ریاست میں منتقل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔Agniveer Recruitment Rally
فوج نے کہا ہے کہ پنجاب میں اگنی پتھ اسکیم کے تحت اگنی ویر بھرتی ریلی شیڈول کے مطابق آسانی سے جاری ہے۔ لدھیانہ اور گورداسپور میں بھرتی ریلیاں مقامی انتظامیہ کے تعاون سے کامیابی کے ساتھ منعقد کی گئی ہیں۔ ان ریلیوں میں امیدواروں کی رجسٹریشن گزشتہ سالوں کی طرح حوصلہ افزا رہی ہے۔
فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مقامی لوگوں کے تعاون سے شیڈول کے مطابق پٹیالہ میں 17 سے 30 ستمبر، فیروز پور میں 01 سے 16 نومبر تک اور جالندھر میں 21 نومبر سے 10 دسمبر تک بھرتی ریلیاں مقامی انتظامیہ کی مدد سے منعقد کی جائیں گی۔ خیال ر ہے کہ میڈیا رپورٹس میں فوج کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ بھرتی کے عمل میں پنجاب حکومت سے تعاون نہیں مل رہا ہے اور اس کے پیش نظر بھرتی ریلیوں کو دوسری ریاست میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد فوج کی جانب سے یہ وضاحت جاری کی گئی ہے۔