بنگلورو: ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے قومی جنرل سیکرٹری انیس احمد نے آر ایس ایس کے کارکن یشونت شندے کے بم دھماکہ والے اقرار نامے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس کی دہشت گردی کارروائیوں کے متعلق حقائق عام تھے لیکن یشونت شندے کے کورٹ میں حلف نامہ داخل کرنے سے یہ بات عیاں ہوگئی ہے کہ آر ایس ایس کے کارکنان چاہتے ہیں کہ اس طرح کی کارروائیوں کی جانکاری عوام تک پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد بم دھماکہ، اجمیر درگاہ بم دھماکہ، مالیگاؤں بم دھماکہ وغیرہ میں آر ایس ایس کے کئی رہنماوں کے نام شامل ہیں، جنہیں چارج شیٹ میں بھی ردرج کیا گیا تھا، تاہم 2014 میں بی جے پی کی حکومت میں آنے کے بعد ایجنسیوں کے ذریعہ ان کیسز کو کمزور کیا گیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ ایفیڈیوڈ کے متعلق ایک آزاد جوڈیشیل انکوائری کی جائے اور آر ایس ایس کے دہشت گردانہ معاملات کے حقائق دنیا کے سامنے لائے جائیں۔