اتوار کے روز دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے جملہ قدیم طلبہ کے لئے اعلان جاری کرتے ہوئے 31 اگست تک داخلہ کی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ 'دارالعلوم دیوبند کی مجلس تعلیمی نے ادارہ میں حکومتی گائڈ لائنز کے مطابق تعلیمی نظام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال بھی ادارہ میں جدید داخلے نہیں ہوں گے۔ مفتی ابوالقاسم نے کہا کہ ادارہ کے عربی پنجم، ششم، ہفتم اور دورہ حدیث میں تعلیم حاصل کرنے والے صرف قدیم طلبہ 31 اگست تک دیوبند میں حاضر ہوکر اپنے داخلہ کی تکمیل کرالیں تاکہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں کووڈ-19 پروٹول کے مطابق یکم ستمبر 2021ء سے تعلیم کا آغاز کیا جاسکے۔
انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ طلبہ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کا خیال رکھیں، سفر کے دوران قطعی کوتاہی نہ برتیں۔ اس سے قبل دارالعلوم دیوبند کی مجلس تعلیمی کے فیصلہ کے بعد حکومتی گائڈ لائنز کے مطابق ادارہ میں گزشتہ دنوں ہی تکمیلات اور اول عربی تا چہارم عربی تک کے قدیم طلبہ کے داخلہ کی کارروائی مکمل کی جاچکی ہے۔