نئی دہلی:سپریم کورٹ آج اڈانی ہیڈن برگ رپورٹ کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرنے والی مفاد عامہ کی عرضیوں ( پی آئی ای ایل) اور رپورٹ جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے لیے سیکورٹیز اینڈا سنج بورڈ آف انڈیا (سیبی) کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرے گی۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پیر کو سیبی کی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی تھی جس میں ہیڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ سے متعلق تحقیقات مکمل کرنے کے لیے چھ ماہ کی توسیع کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) ڈاکٹر دھننجیا یشونت چندرچوڑ کی بنچ جس میں جسٹس پی ایس نرسمہا اور جے بی پاردی والا بھی شامل تھے، نے اس معاملے کو ملتوی کردیا تھا۔ سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے سپریم کورٹ کو مطلع کیا تھا کہ سیبی کی جانب سے تحقیقات کے لیے مزید وقت کا مطالبہ کیا جارہا ہے اور اسے کسی نتیجے پر پہنچنے کے لیے چھ مہینے کی ضرورت ہے۔
سی جی آئی ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا اور جے بی پاردی والا کی ڈویژن بنچ نے گذشتہ ہفتے سماعت کرتے ہوئے اشارہ دیا تھا کہ وہ پوری مشق کو ختم کرنے کے لیے تین ماہ سے زیادہ وقت نہیں دے سکتے۔ وہیں سیبی نے کہا کہ لین دین کا معاملہ پیچیدہ ہے اور تحقیقات کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ سیبی نے کہا کہ گلوبل ڈپازٹری رسیپٹس (GDRs) سے متعلق اس کی پچھلی تحقیقات 51 بھارتی لسٹڈ کمپنیوں کے خلاف کی گئی تھیں۔ تاہم، اڈانی گروپ کی کوئی بھی کمپنی مذکورہ 51 کمپنیوں میں شامل نہیں تھی۔