نئی دہلی، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ہنڈن برگ کی رپورٹ کے بعد اڈانی کے حصص پر جاری تنازعہ پر آج کہا کہ ہندوستانی ریگولیٹرز بہت تجربہ کار اور صورتحال سے نمٹنے کے قابل ہیں،ہنڈن برگ کی رپورٹ میں اڈانی گروپ پر اکاؤنٹنگ فراڈ، اسٹاک دھاندلی اور منی لانڈرنگ کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس کے بعد کمپنی کے شیئرز میں زبردست گراوٹ ہوئی جس کی وجہ سے گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی کی دولت میں زبردست کمی آئی ہے۔ کل سپریم کورٹ نے کیپٹل مارکیٹ ریگولیٹر سیبی سے اس پر اپنا موقف پیش کرنے کو کہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ نیا ٹیکس نظام بجٹ کے فوکل پوائنٹس میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک مشترکہ فریم ورک کے ذریعہ ورچوئل کرنسی کو منظم کرنے کے لئے جی 20 ممالک کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل کرنسی میں بہت سی ٹیکنالوجی شامل ہے۔ یہ 99 فیصد ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے نئے نظام میں ترمیم کا مقصد ٹیکس دہندگان کو ریلیف فراہم کرنا اور عوام کے ہاتھ میں زیادہ سے زیادہ پیسہ بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ٹیکس نظام میں عوام کے لیے مزید کٹوتیاں کی گئی ہیں تاکہ ان کے ہاتھ میں زیادہ سے زیادہ رقم بچ سکے۔ اس سے عوام پر ٹیکس کا بوجھ کم ہوتا ہے۔