پریاگ راج: اتوار کو پولیس نے دو کروڑ روپے بھتہ مانگنے والے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم عبید مظفر کے خلاف 7 اپریل کو دھمکیاں دینے اور دو کروڑ بھتہ مانگنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ محمد اختر نامی پراپرٹی ڈیلر نے عبید سمیت چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ اس کے بعد پورمفتی تھانے کی پولیس نے اتوار کو ملزم عبید کو گرفتار کر لیا۔ اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر محمد اختر سے دو کروڑ بھتہ طلب کیا تھا۔ مقررہ وقت کے بعد بھی بھتہ نہ ملنے پر عبید نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر محمد اختر کو ڈرایا دھمکایا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
اس سے قبل بھی عبید اختر کو دھمکیاں دے چکا تھا، جس کی اس نے پولیس سے شکایت بھی کی تھی۔ اثر و رسوخ کی وجہ سے عبید کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ تاہم 7 اپریل کو مقدمہ کے اندراج کے ساتھ ہی پولیس حرکت میں آگئی اور عبید کو گرفتار کرلیا گیا۔ الزام ہے کہ عبید کئی گروہ سے منسلک ہے جس کے ذریعہ وہ علاقے میں اپنا رعب و دبدبہ قائم کئے ہوئے ہے۔ محمد اختر نے ان کے خلاف 7 اپریل کو مقدمہ درج کرایا تھا۔ جس میں عبید کے ساتھ زید، احمد میاں اور پانچ نامعلوم ساتھیوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔ گرفتار عبید کے خلاف ایک دو نہیں بلکہ 10 سنگین جرائم کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں۔