پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ترجمان سہل بخاری نے کہا ہے کہ آرٹیکل 370 اور 35اے کی بحالی کےلئے پی ڈی پی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ سہیل بخاری نے کہا پانچ اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی منسوخی سے مسئلہ کشمیر مزید الجھ گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی روز اول سے ہی سیلف رول کی پاسدار رہی ہے اور جموں و کشمیر میں دائمی امن کے لئے سیلف رول ہی بہتر طریقہ کار ہے جس سے ترقی کی راہیں ہموار ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے پانچ اگست 2021 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کا لیا ہوا فیصلہ غیر آئنی اور غیر قانونی تھا۔
سہیل بخاری نے محبوبہ مفتی کے گزشتہ روز دئے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو نجی نیوز چینلیز اپنے مقاصد کے لئے توڑ مروڈ کے پیش کرتی ہیں۔
'خصوصی پوزیشن کی منسوخی سے مسئلہ کشمیر مزید الجھ گیا' واضح رہے محبوبہ مفتی نے بی جے پی سے دفعہ 370 کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ: 'اس سے قبل کہ بہت دیر ہوجائے ابھی بھی وقت ہے مرکزی سرکار ہوش کے ناخن لے اور فوراً سے پیشتر جموں و کشمیر کا چھینا ہوا تشخص واپس لوٹائے۔'
محبوبہ مفتی نے کہا: 'مرکزی سرکار نے غیر آئینی اور غیر اخلاقی طور پر دفعہ 370 کو منسوخ کرکے یہاں کے لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاسی کارکنان اور طلبہ پر ظلم و زیادتی کا سلسلہ شروع کیا جو ابھی بھی جاری ہے۔'
پی ڈی پی کے ترجمان سید سہیل بخاری ہندوارہ میں ایک یوتھ انٹریکشن پروگرام کے بعد نامہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔
کنونشن میں پارٹی ترجمان سہیل بخاری کے علاوہ سابقہ ایم ایل اے اعجاز احمد وچی، طاہر سید، ہربچن سنگھ، نجب ثاقب موجود تھے۔