نئی دہلی: راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے ہفتہ کو عام آدمی پارٹی کی سیاسی مشاورتی کمیٹی (PAC) کی میٹنگ کے بعد کہا کہ عآپ صدارتی انتخابات Presidential Poll 2022میں اپوزیشن امیدوار یشونت سنہا کی حمایت کرے گی۔ یشونت سنہا ملک کے اعلیٰ آئینی عہدے کے لیے دروپدی مرمو کے ساتھ انتخابی میدان میں ہیں، جسے بی جے پی کی زیر قیادت این ڈے اے نے صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد کیا ہے۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ ہم دروپدی مرمو کا احترام کرتے ہیں لیکن عآپ اپوزیشن امیدوار یشونت سنہا کی حمایت کرے گی۔ میٹنگ میں عآپ کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال، نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا، راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ، پنجاب کے ایم پی راگھو چڈھا، ایم ایل اے آتشی، اور پی اے سی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔