عآپ کا خواتین ریزرویشن بل پر اعتراض، بل کو خواتین بیوقوف بناو بل قرار دیا نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) نے منگل کو لوک سبھا میں پیش کئے گئے خواتین ریزرویشن بل پر اعتراض کیا ہے۔ راجیہ سبھا کے رکن راگھو چڈھا نے کہا ہے کہ وہ خواتین کا ریزرویشن لے کر آئیں گے، لیکن تاریخ نہیں بتائیں گے۔ راگھو نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے بل میں درج شرائط کی وجہ سے 2024 کے عام انتخابات میں خواتین کو ریزرویشن نہیں دیا جائے گا۔ لیکن عآپ کا مطالبہ ہے کہ خواتین کے ریزرویشن کو بغیر کسی تاخیر کے فوراً نافذ کیا جائے۔
راگھو نے کہا ہے کہ خواتین ریزرویشن بل کی شق 5 کے مطابق حد بندی اور نئی مردم شماری کے بعد ہی ریزرویشن لاگو کیا جائے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ 2024 کے عام انتخابات کے لیے خواتین کو کوئی ریزرویشن نہیں ملے گا۔ملک اور خواتین کو خواتین ریزرویشن کے لیے نئی مردم شماری اور حد بندی کا انتظار کرنا پڑے گا۔
خواتین رزرویشن بل 2024 کے عام انتخابات میں نافذ کیا جانا چاہئے: ایک پریس کانفرنس میں دہلی حکومت کی وزیر آتشی نے کہا کہ ہم خواتین کے ریزرویشن بل کا خیر مقدم کرتے ہیں، لیکن بی جے پی کو اس بل کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے ہی لاگو کرنا چاہئے۔بل میں دی گئی دفعات کے مطابق یہ خواتین ریزرویشن بل 2028 تک نافذ ہوسکے گا۔بی جے پی حکومت خواتین ریزرویشن بل نہیں لا رہی ہے بلکہ خواتین کو بے وقوف بنانے کا بل لا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
عام آدمی پارٹی کا مطالبہ ہے کہ اگر خواتین ریزرویشن بل کو لاگو کرنا ہے تو اسے 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے ہی لاگو کیا جائے۔ اس کے لیے ضروری ترامیم کی جائیں اور عام آدمی پارٹی اس میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی وہی برج بھوشن کی پارٹی ہے جو خواتین مخالف جماعت ہے۔ لوک سبھا انتخابات آنے والے ہیں اور ووٹ مانگنے جانا ہے، اس لیے خواتین کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے لیکن ملک کی خواتین آٹے، دال اور ٹماٹر کی قیمت سے واقف ہیں۔ وہ بیوقوف بننے والی نہیں ہے۔ ہم وزیراعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ بل جو پارلیمنٹ میں پیش کیا جا رہا ہے اس میں ترمیم کیا جائے۔ مردم شماری کی حد بندی کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ عام آدمی پارٹی کا مطالبہ ہے کہ خواتین ریزرویشن بل کو 2024 کے انتخابات سے لاگو کیا جائے۔