چنڈی گڑھ:عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے جمعرات کو پنجاب حکومت کے ایک سال کے کام کا رپورٹ کارڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی بھگونت مان کی قیادت والی حکومت نے سیاست میں مافیا کلچر اور بدعنوانی کا خاتمہ کرکے پنجاب میں ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ اپنے ایک سالہ دور حکومت میں مان حکومت نے پنجاب کے لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کیں۔
چیف ترجمان مالویندر سنگھ کنگ کے ساتھ یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے اے پی پنجاب کے جنرل سکریٹری اور منڈی بورڈ کے چیئرمین ہرچند سنگھ برسٹ نے پنجاب کو بھاری قرضوں میں دھکیلنے کے لیے پچھلی کانگریس، اکالی دل اور بی جے پی حکومتوں کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کے بیشتر رہنما بدعنوانی میں ملوث تھے۔ انہوں نے اپنی تجوریاں بھریں، لیکن اس کے برعکس، اے اے پی حکومت ریاست کی کھوئی ہوئی شان کو واپس لانے کے لیے وقف جذبہ سے کام کر رہی ہے۔
اے اے پی حکومت کی کامیابیوں کو گناتے ہوئے ہرچند سنگھ برسٹ نے کہا کہ مان حکومت نے پہلے ہی سال میں تاریخی فیصلے کیے جو پچھلی حکومتیں پچھلی کئی دہائیوں میں لینے میں ناکام رہی ہیں۔ برسٹ نے کہا کہ مان حکومت نے 36,000 کروڑ روپے کا قرض واپس کیا، جو پچھلی حکومتوں نے بہت زیادہ شرح سود پر لیا تھا۔ عام لوگوں کی سہولت اور ان کے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کے لیے اب تک 500 سے زیادہ عام آدمی کلینک کھولے جا چکے ہیں۔