دہلی: عالمی یوم خواندگی کی مناسبت سے جمعرات کو دارالحکومت دہلی کے امبیڈکر اسٹیڈیم میں این آئی او ایس اور این سی ای آر ٹی کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کی عوام کو تعلیم فراہم کرنے سے متعلق خاکہ پیش کیا گیا اور ہر برس ایک کروڑ لوگوں کو تعلیم سے جوڑنے کا عہد کیا گیا ہے۔ اس سے متعلق ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے این آئی او ایس کی چیئرپرسن پروفیسر سروج شرما سے بھی بات کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ ہمارا ہدف ہے کہ ہم 2030 تک 100 فیصد لوگوں کو تعلیم فراہم کرا سکیں لیکن اس سے پہلے ہم نے عہد کیا ہے کہ آئندہ پانچ سالوں میں سات کروڑ لوگوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔A program held in delhi by nios over international literacy day
وہیں این آئی او ایس کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر شعیب رضا خان نے بتایا کہ آج عالمی یوم خواندگی کے موقع پر کئی اعلانات کیے گئے ہیں جن کے ذریعہ تعلیم کے میدان میں ایک نئی تبدیلی لانے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آئی او ایس اردو کی کتابیں تیار کرنے کا کام کر رہا ہے، اب پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کے لیے تمام کتابیں تیار کی جا رہی ہیں، اس کے ساتھ ہی آین آئی او ایس مدارس کو اپنے ساتھ جوڑ کر انہیں جدید تعلیم کی جانب راغب کر رہا ہے۔ حال ہی میں جمعیت علماء ہند کے ساتھ ملکر تقریبا 10 ہزار طلباء کو این آئی او ایس کے ذریعے امتحانات دلوائے گئے ہیں۔