نئی دہلی: بی جے پی رہنما منجندر سنگھ سرسا نے حقائق کی جانچ کرنے والی ویب سائٹ آلٹ نیوز Alt News کے شریک بانی محمد زبیر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے، جس میں ان پر کرکٹر ارشدیپ سنگھ اور سکھ برادری کے خلاف اپنے ٹویٹ سے مبینہ طور پر نفرت پھیلانے کا الزام لگایا گیا ہے۔ اتوار کو دبئی میں ایشیا کپ کے سپر فور میچ میں روایتی حریف پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی پانچ وکٹوں سے شکست کے دوران ایک کیچ چھوڑنے کے بعد ارشدیپ سنگھ کو سوشل میڈیا پر کافی ٹرول کیا گیا۔ بی جے پی رہنما نے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں درج اپنی شکایت میں زبیر کے ایک ٹویٹ کا حوالہ دیا، جس میں انہوں نے ارشدیپ سنگھ کے خلاف مختلف ٹویٹر ہینڈلز پر پوسٹ کیے گئے ٹویٹس کا اسکرین شاٹس شیئر کیا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان میں سے زیادہ تر ٹویٹس "پاکستانی اکاؤنٹس" سے ہیں اور الزام لگایا کہ زبیر نے مبینہ طور پر ملک دشمن عناصر کے کہنے پر ایسا کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور اس سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات شروع کی جائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ محمد زبیر نے ملک دشمن عناصر کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے کافی چالاکی کے ساتھ مختلف ٹویٹر ہینڈلز پر لفظ خالصتانی تلاش کیا اور اس کا اسکرین شاٹس لے لیا۔ پھر 5 ستمبر 2022 کو صبح 5 بجے ایک ٹویٹ پوسٹ کی ہے۔