ایودھیا:اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ایودھیا میں دیرینہ رام للا کی پران پرتشٹھا تقریب کے دن 22جنوری کو ریاست میں تعلیمی اداروں میں چھٹی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے اس خاص موقع کو قومی اتسو قرار دیتے ہوئے کہا کہ 22جنوری کو ریاست میں شراب وغیرہ کی دوکانیں بند رکھی جائیں۔ منگل کو ایودھیا دورے پر آئے وزیر اعلی نے رام للا اور ہنومان گڑھی کے درشن پوجن کے بعد رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے ذمہ داروں کے ساتھ میٹنگ کی۔
مکر سنکرانتی کے بعد شروع ہونے والی پران پرتشٹھا کی ویدک رسومات کے بارے میں جانکاری لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تقریب کی سیکورٹی اور دیگر انتظامات میں تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کو تمام ضروری تعاون فراہم کریں۔ اس کے بعد کمشنر نے آڈیٹوریم میں مقامی عوامی نمائندوں کی موجودگی میں مقامی انتظامیہ کے افسران سے تیاریوں کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔