نارکوٹکس کنٹرول یبورو (این سی بی) کے ممبئی زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے دہلی میں مرکزی ایجنسی کے دفتر کے دورے کے بعد منگل کو ممبئی واپس لوٹ آئے ہیں۔ وانکھیڑے نے اپنے اوپر لگے الزامات پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 'دہلی جانے کی وجہ دوسری ہے۔ مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتا ہوں کیونکہ اس کی تحقیق کی جارہی ہے۔ میں مناسب وقت آنے پر ہر چیز کا جواب دوں گا'۔
وانکھیڑے نے منگل کو نئی دہلی میں این سی بی کے سربراہ ایس این پردھان کو کروز ڈرگ معاملے پر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ این سی بی کے ڈی جی نے سمیر وانکھیڑے کو پردھان سے ملاقات کرنے کے لیے نئی دہلی طلب کیا اور کروز ڈرگ معاملے پر ہوئی اب تک کی کارروائیوں پر وضاحت مانگی، جس میں بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان شامل ہیں۔