مرکزی حکومت کی جانب سے کووڈ۔19 سے بچاؤ کیلئے ملک بھر میں اب تک 80 لاکھ 52 ہزار سے زیادہ مستفیدین کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ نئی دلی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزارت صحت میں جوائنٹ سکریٹری ڈاکٹر مندیپ بھنڈاری نے کہا کہ کووڈ۔19 سے بچاؤ کا دوسرا ٹیکہ آج سے اُن مستفیدین کو لگائے جانے کی شروعات کی گئی ہے جن کا پہلا ٹیکہ لگانے کے بعد 28 دن مکمل ہوگئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ابھی تک حفظان صحت کے سات ہزار 668 کارکنوں کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ ڈاکٹر بھنڈاری نے کہا کہ آج تک 59 لاکھ سے زیادہ صحت کارکنوں اور پیش پیش رہنے والے 21 لاکھ سے زیادہ کارکنوں کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی صحت سکریٹری نے آج تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے ساتھ ٹیکہ کاری مہم کا جائزہ لیا۔ اس دوران ملک میں کووڈ۔19 سے شفایابی کی شرح بہتر ہوکر 97 اعشاریہ تین دو فیصد ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کل 11 ہزار 359 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔