حیدرآباد:ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے راموجی فلم سٹی میں 74ویں یوم جمہوریہ کی شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ راموجی گروپ کے چیئرمین راموجی راؤ نے اس موقعے پر قومی پرچم لہرایا۔ اس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے انہیں سلامی دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تقریب میں شرکت کے لیے وہاں موجود تمام ملازمین کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی۔ راموجی فلم سٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر وجئےشوری، ای ٹی وی بھارت کی ڈائریکٹر برہتی، راموجی گروپ آف کمپنیز کے سینئر افسران اور ملازمین نے بڑے جوش اور جذبے کے ساتھ اس تقریب میں شرکت کی۔
قابل ذکر ہے کہ راموجی فلم سٹی میں ہر سال یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کی تقریبات کا اہتمام شاندار طریقے سے کیا جاتا ہے۔ راموجی گروپ آف کمپنیز کے سینئر افسران اور ملازمین اس تقریب میں جوش و خروش سے حصہ لیتے ہیں۔ راموجی فلم سٹی حیدرآباد میں واقع ایک مربوط فلم اسٹوڈیو کی سہولت 1,666 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا فلمی سٹوڈیو کمپلیکس ہے اور یہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے تصدیق شدہ ہے۔